پشاور(نمائندہ جنگ) 9مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری سے متعلق صوبائی حکومت کی درخواست پر پشاورہائیکورٹ نے اعتراضات اٹھا لیے جس کے بعد معاملہ دوبارہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں رکھنے کا فیصلہ کیاگیاہے ، ایڈوکیٹ جنرل کے پی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ 9مئی واقعات کی انکوائری ہر حال میں ہوگی،خیبرپختونخوا حکومت نے ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کے ذریعے پشاور ہائیکورٹ کو 9مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری سے متعلق خط بھیجا تھا جس پرہائیکورٹ رجسٹرارنے اعتراض اٹھایاکہ خط کو غلط فورم کے ذریعے بھیجا گیا ہے خط پر اعتراضات سے متعلق ایڈوکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایاکہ پشاور ہائیکورٹ کے جوابی مراسلے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےساتھ مشاورتی اجلاس کیاہے اجلاس میں معاملہ واپس صوبائی کابینہ میں لےجانے کا فیصلہ کیاگیا ہے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ 9مئی واقعات کی انکوائری ہر حال میں ہوگی،انہوں نے بتایاکہ پشاور ہائیکورٹ نے جواب میں واضح نہیں لکھا کہ خط میں کیا خلاف ورزی کی گئی ہے اور کس پرو ویژن کے تحت رولزآف بزنس 1985 کی خلاف ورزی ہوئی ہے انہوں نے بتایاکہ جس طریقہ کار پر جوڈیشل انکوائری کیلئے درخواست دی تھی وہ صحیح تھا رولز آف بزنس میں ایسا کوئی پرو وژن نہیں جس کی خلاف ورزی ہوئی ہو۔