صوابی، لاہور (نیوزڈیسک، نمائندہ جنگ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان حکومت سے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن حکومت انہیں این آر او نہیں دیگی،ملک میں پرامن احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ،جیل بریک ،انتشار ،تشدد کی باتیں کریں گے تو پنجاب ،وفاقی حکومت کو ایکشن لینا پڑیگا ، جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ یہ الیکشن کا سال،کوئی ڈیل نہیں ہوگی، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی حقیقت ہیں ان کے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے صوابی میں پی پی رہنما بلال شیرپاؤ کی رہائش گاہ پر اُن کے چچا کے انتقال پر تعزیت کے موقع پرجیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں نے ہی انکے مقدمات کا فیصلہ کرنا ہے، مولانا فضل الرحمان کی جیت ہے کہ اسد قیصر ہر دوسرے دن انکے در پر حاضر ہوتے ہیں اور مولانا فضل الرحمان بھی مشکلات میں ہیں، انہوں نے بھی تو یہودیوں کو مسلمان کرنا ہے۔ عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے گورنر پختونخوا نے کہا پیپلزپارٹی عدم اعتماد میں پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں دیگی، ہمارا مسلم لیگ (ن) کیساتھ اتحاد مضبوط ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہےکہ ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں چل رہی، عمران خان کا پیغام ہے عوام اور فوج کے درمیان ن لیگ اور پیپلز پارٹی خلا پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، یہ الیکشن کا سال ہے، الیکشن کمیشن کو آزاد ہونا چاہیے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9مئی واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے لیے عمران خان کیس کریں گے فوج، ایف سی اور انٹیلی جنس ایجنسیز ریاست کی ملازم ہیں، اداروں کو اپنے اپنے دائرے میں رہناچاہیے۔