• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز ملک آگے لے جانے میں ناکام، اب میدان اور ایوان دونوں میں مقابلہ ہوگا، فضل الرحمٰن

مردان (نیوز ایجنسیاں ) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ شہباز شریف ملک کو آگے لے جانے میں ناکام ہوگئے ہیں،اب میدان اور ایوان دونوں میں مقابلہ ہوگا، امریکا اور مغرب کے ارادے پاکستان کیلئے ٹھیک نہیں،دھاندلی کے ذریعے اسمبلی پر قبضہ نہیں ہونے دینگے،، مشکل حالات میں ہم عوام کا اعتماد بحال کرینگے ،ہم نے پاکستان کو اپنا گھرسمجھا، وزیراعظم چین سے ناکام واپس لوٹے،چین نے کہا پاکستان میں معاشی طور پر بھی استحکام نہیں، معیشت اس حد تک گرچکی ہے آنیوالی حکومت اس کو اٹھا نہیں سکتی۔ مردان میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ چین پاکستان کا صیح معنوں میں دوست ہے چین کے ساتھ 70 سالہ دوستی جب معیشت میں تبدیل ہوئی اس وقت مختلف قوتیں متحرک ہوئیں اور معیشت رک گئی۔ چین والوں نے کہا ہے کہ ہم ہر شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، چین سب سے زیادہ سرمایہ کاری زراعت کے شعبے میں کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو اپنا گھرسمجھا، پاکستان کو خوشحال رکھا لیکن امریکا اورمغرب دنیا میں نئی جغرافیائی تقسیم پیدا کررہا ہے، امریکا اور مغرب کے ارادے پاکستان کیلئے ٹھیک نہیں۔ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھائیں گے تو پھر ملک کو نقصان پہنچایا جائیگا، ملک میں استحکام بہت ضروری ہے ورنہ پھرعدم استحکام کا دور آجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جان بوجھ کر گندم کا بحران پیدا کیاگیا غیر ضروری طور پر باہر سے گندم کیوں منگوائی گئی؟ اتنی گندم درآمد کرائی گئی کہ یہاں کسانوں کی گندم گھروں میں پڑی رہ گئی جس سے کسانوں کو بھی ناقابل تلافی نقصاناٹھانا پڑا۔ فضل الرحمان نے کہا کہ جج، سیاستدان اور دیگر ادارے اگر قادیانیوں کیلئے نرم گوشہ رکھیں گے تو معاف نہیں کرینگے جبکہ مدارس کا تحفظ کرینگے اور مدارس کیخلاف غلیظ زبان استعمال کرنے والوں کیخلاف جہاد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام، امن و امان صورتحال ابتر اور بے روزگاری زیادہ ہے، ہم بندوق نہیں اٹھائیںگے گے کیونکہ سیاسی جدوجہد پر یقین ر کھتے ہیں، دھاندلی کے ذریعے اسمبلی پر قبضہ نہیں ہونے دینگے۔

اہم خبریں سے مزید