کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بی ایس او پجار (حقیقی) کے چیئرمین محمد نعیم بلوچ نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی خالی اسامیوں کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ایس بی کے تحت خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ میں حقدار نوجوانوں کو ان کے حق سے محروم کرکے منظور نظر اور کرپشن کی بنیاد پر مبینہ بھرتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے ، یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سرکاری نوکریاں فروخت نہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اس کے باوجود ایس بی کے کے تحت محکمہ تعلیم میں 9 ہزار اسامیوں کی مبینہ طور پر خرید و فروخت ہورہی ہے اگر حکومت اس بات کو تسلیم نہیں کرتی ہے تو ہم شواہد پیش کریں گے کہ حقدار لوگوں کو نظرانداز کرکے ناکام رہنے والے امیدواروں کو نوکریاں فروخت کی گئیں جبکہ ایسا کچھ میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی میں بھی کیا گیا اس کے شواہد بھی ہمارے پاس موجود ہیں ،ہم حقدار نوجوانوں کو ان کا حق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس او پجار (حقیقی) کی کابینہ معرض وجود میں آچکی ہے اور نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ہوگی ہم نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ حقداروں کو حق مل سکے ۔