کوئٹہ (خ ن) محکمہ آبپاشی کوئٹہ سرکل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنہ جھیل میں پانی رسنے کے حوالے سے شائع خبر سے عوام کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ہنہ جھیل میں پانی کا بہاؤ اور جھیل میں پانی رسنے کا نظام بالکل صحیح اور نیچرل طریقے سے کام کر رہا ہے، حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے جھیل میں وافر مقدار میں پانی ذخیرہ ہو چکا ہے ، جھیل محفوظ اور مضبوط ہے،جھیل کو پانی فراہم کرنے کے لئے جامع منصوبہ جاری تھا جو اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ ڈیم کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچانے کے لئے اس میں مزید کام عنقریب شروع کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکومت بلوچستان نے امسال کے ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2024-25 میں ایک منصوبہ رکھا ہے جس میں ڈرلنگ اور پانی کے رساؤ کو سائنسی بنیادوں پر دیرپا طریقے سے روکنے کے لئے متعدد منصوبے شامل ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہنہ جھیل قوم کا قیمتی اثاثہ ہے اور اس میں بحالی کی جب بھی ضرورت پڑی ،محکمہ آبپاشی اور اسکی ٹیم نے متحرک انداز میں پیشگی اقدامات اٹھائے ہیں اور آئندہ بھی یقین دلاتے ہیں کہ محکمہ ایریگیشن صوبہ بھر میں پانی ذخیرہ کرنے اور آبی گزرگاہوں کی حفاظت میں ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔