اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ اوور سیز پاکستانی جہاں کہیں بھی ہوں اپنی مٹی کے وفادار ہیں،ان کے دل اپنے وطن کے ساتھ،ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ دامے، درمے، قدمے، سخنے ہر طرح سے اپنے ملک کی بقا و دفاع کے لیے کوشاں رہتے ہیں، 14اگست کا دن ساز و سرود میں ضائع کرنے کا نہیں بل کہ یاد عہد اور تجدید وفا کا دن ہے۔ چند ناعاقبت اندیش افراد کی ذاتی مفاد پرستی اور عاجلانہ فیصلوں نے ملک و قوم کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے، بانی پاکستان نے ایمان اتحاد تنظیم اور یقین محکم کا جو خواب دیکھا تھا وہ بکھرتا محسوس ہو رہا ہے، ضروری ہے کہ ہم ذاتی عناد اورشخصی اغراض سے بالا تر ہو کر ملکی مفاد میں میثاق پاکستان مرتب کریں۔ مساوات اور سماجی انصاف کو اپنے معاشرتی نظام کی بنیادی قدر قرار دیں۔ مملکت کے اسلامی آئین اور قانون کی بالا دستی یقینی بنائیں اور ہرشخص اور ادارے کو اپنی حدود میں کام کرنے کا پابند کریں۔ 78ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے ہی عالمی سامراج کی نظروں میں کھٹک رہا ہے، رفتہ رفتہ حالات عراق، لیبیااور شام کی نہج پر ڈالے جا رہے ہیں، بدقسمتی سے اندرون خانہ کچھ آلۂ کاروں کی حمایت انہیں حاصل ہے۔ عمرتوحیدی نے کہا کہ پچاس سال پہلے جو ملک و قوم کے غدار تھے آج بنگلہ دیشی عوام نے انہیں پہچان کر ان کی یاد گاریں تک مٹادیں لیکن افسوس کہ ہمارے کچھ سیاسی رہنما افواج پاکستان کی دشمنی میں انہیں محب وطن ثابت کرنے پر تلے بیٹھے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے ماضی پر اللہ سے معافی مانگیں اور مستقبل میں تحمل اور رواداری کو عام کرتے ہوئے صدق و امانت کو اپنا شعار بنائیں۔