• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم آزادی، منچلے سڑکوں پر امڈ آئے، شور شرابا، ویلنگ، ہوائی فائرنگ، 24 زخمی

لاہور (کرائم رپورٹر سے)شہری یوم آزادی منانے لاہور کی سڑکوں مال روڈ، فیروز پور روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ پر نکل آئے ۔ رات 12بجتے ہی منچلوں نے ہلڑ بازی،باجوں سے شورشرابا، ہوائی فائرنگ، آتشبازی، ون ویلنگ شروع کردی۔سڑکوں پر ٹریفک جام ہوکر رہ گیا اور دیگر شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوائی فائرنگ اور ویلنگ کے واقعات میں24سے زائد افراد زخمی ہوئے۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ درجنوں نوجوانوں کوون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ ودیگر الزامات میں گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے۔ جگہ جگہ ناکے لگائے گئے پولیس ناکوں سے منچلے خاموشی سے گزرنے کے بعد طوفان بدتمیزی برپا کرتے رہے۔ نوجوان ٹولیوں کی شکلوں میں سڑکوں پر نکلے، نعرے لگاتے ہوئے ون ویلنگ کرتے رہے،آتش بازی اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی،شہر کے مختلف مقامات پر سرکاری سطح پر آتش بازی کی اجازت کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد مینار پاکستان، ایل ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس، سی بی ڈی کلمہ چوک، بحریہ ٹاؤن ،گریٹر اقبال پارک اور پنجاب فٹ بال سٹیڈیم گلبرگ پہنچ گئی جہاں 12بجتے ہی آتشبازی کاشاندار مظاہرہ کیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جشن آزاد ی کے حوالے سے ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے گئے جبکہ ون ویلرز، ریسنگ، زگ زیگ اور ہلڑ بازی کی روک تھام کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس نے خصوصی طور پر علامہ اقبال روڈ، مولانا شوکت علی روڈ ، جی ٹی روڈ، بلیوارڈ جوہر ٹاؤن، مین بلیوارڈ گلبرگ،کینال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، بند روڈ ،ڈیفنس فیز فائیو، فیز ایٹ پر اضافی موٹرسائیکل دستے تعینات کئے ۔
لاہور سے مزید