کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اپنے پانچویں میچ میں بنگلہ دیش اے کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ شاہینز کی یہ چوتھی کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے پرتھ اسکارچرز، تسمانیہ ٹائیگرز اور میلبرن رینیگیڈز کو ہرایا تھا ۔ جمعے کو بنگلہ دیش اے نے 5 وکٹ پر141 رنز بنائے۔ میچ کی پہلی ہی گیند پر عباس آفریدی نے ذیشان عالم کو آؤٹ کردیا ، پرویز27 اور تنزید18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ لیفٹ آرم اسپنر فیصل اکرم کی صرف 7 گیندوں پر 3 وکٹیں لیں۔ شمیم حسین اور محفوظ الرحمن نے چھٹی کی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں قیمتی 83 رنز کا اضافہ کیا۔ شمیم حسین 44 اور محفوظ الرحمن نے 41 رنز اسکور کیے۔ جواب میں شاہینز نے ہدف 7 وکٹ پر پورا کرلیا۔ محمد حارث 3 چھکوں اور2 چوکوں کی مدد سے32 اور صاحبزادہ فرحان بھی17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے ۔ عمیر بن یوسف نے 37 رنز کی اہم اننگز کھیلی تاہم 123 رنز پر سات وکٹیں گرجانے کی وجہ سے پاکستان شاہینز مشکلات میں دکھائی دے رہی تھی اس موقع پر عرفان خان اور جہانداد خان نے بالترتیب 11 اور نو رنز بناکر ٹیم کو جیت دلادی۔