• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائریکٹر EOBI سنگین الزامات پر نوکری سے برخاست، اپیل کردی

کراچی (اسد ابن حسن) نئے تعینات شدہ چیئرمین امپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (EOBI) خاقان مرتضی نے ادارے میں تعینات گریڈ 19 کے ڈائریکٹر آصف آزاد کو اختیارات سے تجاوز کرنے اور مبینہ کرپشن کے الزام میں نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔ فیصلے کے خلاف افسر نے اپیل دائر کر دی ہے۔ مذکورہ افسر کے خلاف چیئرمین کے دستخط سے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 2024/129 میں سات سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔ سب سے سنگین الزام ادارے کے کروڑوں روپے اسلام آباد کے ایک پلازہ میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بغیر بطور ڈائریکٹر انویسٹمنٹ سرمایہ کاری کرنے اور نقصان ہونے کا لگایا گیا ہے۔ چیئرمین نے مذکورہ افسر کو ذاتی سنوائی کا موقع بھی دیا مگر ان کی وضاحتیں ناقابل قبول ، غیر تسلی بخش اور شواہد کے خلاف پائی گئیں۔ افسر مجموعی طور پر ایف آئی اے کے چھ سے زائد مقدمات میں ملزم نامزد رہے اور آٹھ سال معطل رہنے کے باوجود ادارے کے خرچے پر مقدمات کی پیروی کرتے رہے اور ٹی اے ڈی اے وصول کرتے رہے اور ساتھ ہی معطلی کے دوران پوری تنخواہ اور مراعات بھی وصول کرتے رہے۔ آصف آزاد کو گزشتہ ماہ 3 جولائی کو نوکری سے برطرف کیا گیا اور ان کو فیصلے کے خلاف ایک ماہ کے اندر اپیل کا حق دیا گیا۔ مگر انہوں نے اب تک ادارے میں اپیل کی کاپی جمع نہیں کروائی۔ ان کو نوکری سے برخاستگی کا لیٹر ان کی دائر کردہ ایک عدالتی کاروائی کے دوران دیا گیا۔ اس حوالے سے جب مذکورہ افسر سے یہ سوال کیا گیا ہے کہ آیا آپ نے اپیل دائر کر دی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ "ہاں ایک آدھ دن پہلے کر دی ہے"۔ تکنیکی طور پر اگر ایک ہفتے پہلے بھی اپیل دائر کر دی ہے تو ایک مہینے کا دیا ہوا وقت گزر چکا تھا۔

ملک بھر سے سے مزید