اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)چینی کی عالمی مارکیٹ کریش‘ 750سے کم ہو کر 510ڈالر فی ٹن رہ گئی، نئے کرشنگ سیزن میں انڈسٹری گزشتہ سال کی نسبت پندرہ سے بیس لاکھ ٹن اضافی چینی بنائیگی ، پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ متعدد اجلاسوں میں چینی کے سرپلس سٹاک کی تصدیق کے باوجود حکومت شوگر انڈسٹری کی جانب سے فاضل چینی برآمد کر کے ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ کمانے کی درخواستوں پر پالیسی فیصلہ لینے میں تاخیر کر رہی ہے۔ پسما کے ترجمان نے حکومت سے اپیل کی کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کے کئی اجلاسوں میں مختلف حکومتی ذرائع سے تعین کردہ فاضل چینی کی مقدار کے ذخائر کو برآمد کر کے پچاسی کروڑ امریکی ڈالر کمائے جا سکتے ہیں کیونکہ پندرہ لاکھ ٹن چینی ہماری ملکی ضرورت سے زیادہ ہے۔