• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی اسٹیڈیم میڈیا سینٹر میں چائے اور کھانے بند، پاکستان پہلا ملک بن گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا سینٹر میں صحافیوں سے کھانے کی سہولت واپس لے لی ہے۔ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں انٹر نیشنل میچ کے دوران یہ سہولت ختم کی گئی ہے۔ عام طور پر ٹیسٹ کے پہلے دن پرتکلف ناشتہ بھی فراہم کیا جاتا تھا۔ پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کا کہنا ہے کہ ٹیموں کے ڈریسنگ روم میں کھانے کا انتظام موجود ہے ۔ پریس باکس، ہاسپیٹلیٹی اور چیئرمین باکس میں سہ پہر کو ہائی ٹی فراہم کی گئی۔ عام طور پر دنیا بھر میں پریس باکس میں چائے میچ سے ایک دن پہلے اور پانچوں دن ہروقت موجود ہوتی ہے۔ لیکن اچانک یہ سہولت ختم کردی گئی ۔ راولپنڈی اسلام آباداسپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میڈیا باکس میں بغیر نوٹس ریفریشمنٹ اور کھانے کی سہولت ختم کردی گئیں۔ اسٹیڈیم کے اطراف فوڈ پوائنٹ مکمل سیل رکھے گئے ہیں ایسے میں صحافی طویل کوریج کو کس طرح جاری رکھ سکیں گے۔ چیئرمین محسن نقوی سے مطالبہ ہے میڈیا باکس میں بنیادی سہولیات کا انتظام کیا جائے ۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیشنل میچوں کے دوران صحافیوں کو کھانے ، چائے اور مشروبات میزبان بورڈ کی جانب سے فراہم کئے جاتے ہیں۔