برسلز (اُنیب راشد) دنیا کے20ملکوں میں استعمال ہونے والی کرنسی یورو کی 25ویں سالگرہ گزشتہ روز منائی گئی۔ 1999میں 11ملکوں سے شروع ہونے والی یورپین کرنسی ’’یورو‘‘ کو دنیا کے 20ملکوں کے ساڑھے3کروڑ لوگ استعمال کر رہے ہیں۔یورپین کمیشن کے ذرائع کے مطابق 1960میں یورپ میں مشترکہ کرنسی اختیار کرنے کے بارے میں گفتگو شروع ہوئی تھی۔ تاہم 1999میں اسے سب سے پہلے11 ملکوں میں اکاؤنٹنگ اور الیکٹرانک ذرائع سے رقوم بھیجنے کیلئے استعمال کیا جانے لگا۔ اس کے بعد 2002سے ’’یورو‘‘ کو باقاعدہ کرنسی اور سکوں کی شکل میں متعارف کرا دیا گیا۔ اس وقت کرنسی کی تاریخ کی یہ سب سے بڑی تبدیلی کا عمل تھا جب 12ملکوں کے لوگوں نے اپنے اپنے ملکوں میں پہلے سے جاری رقوم کو خیر باد کہہ کر اسے ایک مشترکہ کرنسی سے تبدیل کر لیا۔ اس وقت یورو دنیا کی طاقتور کرنسی کے طور موجود ہے، جس نے 20ملکوں کے ساڑھے 3کروڑ شہریوں کو سرحدوں کی تبدیلی کے باوجود رقوم کی تبدیلی کے جھنجھٹ سے آزاد کر دیا ہے۔