• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو تعلیم دنیا کی صف اول کی اقوام میں لا کھڑا کر سکتی ہے، مشیر ماحولیات

کوئٹہ (خ ن)اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ میں کالج کی 33 ویں اور پاکستان کی77 ویں سالگرہ کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان ملا خیل تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آزادی ایک تعلیمی یافتہ، باشعور اور روشن خیال سوچ کی مرہون منت تھی اس وقت کی اعلیٰ تعلیمی یافتہ سوچ نے نظریہ پاکستان کی بنیاد ڈالی اور اپنے علم کی طاقت سے اسے عملی جامہ پہنایا علم کا یہ سفر ہی پاکستان کو دنیا کی صف اول کی اقوام میں لا کھڑا کر سکتاہے لہذا ہماری پہلی اور آخری ترجیح صرف علم کو سر بلند کرنا چاہیے جو نہ صرف ہماری نظریاتی بلکہ جغرافائی سرحدوں کی بھی پاسبانی کرے گا۔ قبل ازیں اسلامیہ گرلز کالج کی پرنسپل میڈم فریدہ یاسمین نے سپاس نامہ پیش کیا اور کالج کی کامیابیوں اور درپیش مسائل کا تذکرہ کیا ۔صوبائی مشیر ماحولیات کو کالج کی تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی کے لیے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا بعد ازاں تقریب کی مختلف سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طلباء میں اسناد وانعامات تقسیم کیے گئے ۔صوبائی مشیر نسیم الرحمان ملا خیل کو کالج کی پرنسپل کی جانب سے پروگرام کے آخر میں سوینیر بھی پیش کیا گیا۔