کوئٹہ( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے قائم مقام صوبائی صدر جمال الدین رشتیا نے کہا ہےکہ پشتونوں کے معدنی وسائل کی لوٹ مار کی اجازت کسی کو نہیں د ینگے ،سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بلوچستان اور پشتونخوا میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو ہوا دی جارہی ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں سے بات چیت میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کا موقف روز اول سے یہی رہا ہے کہ قومی اکائیوں کے ساحل ، وسائل اورمعدنی ذخائر پر پہلا حق وہاں کے لوگوں کا ہے اس وقت بلوچستان اور پشتونخوا میں ایک منصوبے کے تحت حالات خراب کئے گئے ہیں، ایک طرف دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لہر ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی اور ودسری جانب معدنی وسائل کی لوٹ مار کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی مانے یا نہ مانے مگر حقیقت یہی ہے کہ پاکستان کے مسائل کی وجہ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں، عوامی نیشنل پارٹی نے پہلے بھی حکمرانوں کے ضمیر کو جگانے کی کوشش کی ہے آج بھی ہم یہی کہتے ہیں کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملک کومزید تباہی اور بربادی کی طرف دھکیلنے سے گریز کریں۔