• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ کا کچے کے شرپسندوں کیخلاف مؤثر کوآرڈینیٹڈ آپریشن کا حکم

وزیر داخلہ محسن نقوی رحیم یارخان کے شیخ زاید اسپتال میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی رحیم یارخان کے شیخ زاید اسپتال میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت رحیم یار خان ایئرپورٹ پر اجلاس ہوا، جس میں وزیرداخلہ نے کچے کے شرپسندوں کے خلاف مؤثر کوآرڈینیٹڈ آپریشن کا حکم دیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، حملہ آوروں سے بدلہ لینے کےلیےآخری حد تک جائیں گے، اپنے بہادر سپوتوں کے خون کا بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی کو کچے کے علاقے کے افسوسناک واقعے پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ پنجاب پولیس، پنجاب رینجرز اور سندھ پولیس کی جانب سے دی گئی۔

وزیر داخلہ نے فورس کو جدید ہتھیاروں اور سیفٹی آلات سے لیس کرنے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کےلیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رحیم یارخان کے شیخ زاید اسپتال میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہا۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کے عزم اور حوصلے کو سراہتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے سفارش کی ہے شہید پولیس اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دیا جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جنہوں نے یہ حملہ کیا ہے ان کا عبرتناک انجام ہوگا، وفاقی حکومت تمام تر معاونت فراہم کررہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

قومی خبریں سے مزید