• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجروں کی ہڑتال،مختلف تنظیموں کا آج شٹر ڈاؤن کا اعلان

راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار خصوصی، خصوصی نامہ نگار) مرکزی انجمن تاجران پاکستان کی کال پر راولپنڈی کے تاجر بھی آج ( بدھ) شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے۔ راولپنڈی شہر و کینٹ کی 250 سے زائد چھوٹی تاجر تنظیمیں کاروبار بند رکھیں گی ۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ بدھ کی کامیاب ملک گیر کامیاب شٹر ڈاون ہڑتال عوامی ریفرنڈم ہوگا ۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ آج شام تک تاجر دوست سکیم ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا اور بجلی کے بلوں میں 13قسم کے ٹیکس ختم نہ کئے گئے تو تاجر غیر معینہ مدت تک شٹر ڈاؤن کریں گے۔ اس ضمن میں مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر ارشد اعوان نے اپنے بیان میں کہاکہ مرکزی قائدین اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری کی کال پر کی جانے والی ملک گیر شٹر ڈاؤن ملک بھر کی تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کی جانب پہلا قدم ہے ۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف ٹریڈرز ونگ کے ضلعی صدر راجہ سکندر محمود نے بھی شٹر ڈاؤن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ دریں اثناء فارما ٹریڈ کے تمام کاروباری مراکز اور مارکیٹیوں میں بھی آج دن دو بجے سے 3 بجے تک احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، مریضوں کی سہولت اور عوامی مشکلات کے سبب فارمیسیزاور کیمسٹوں کے کاروباری مراکز مکمل بند نہیں کئے جائیں گے۔ان فیصلوں کا اعلان پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسو سی ایشن پاکستان کے مرکزی لائزن آفس مال روڈ میں وڈیو لنک کے ذریعے ہنگامی اجلاس کیا گیا۔ پی سی ڈی اے کے اجلاس میں کراچی سے گروپ لیڈر ز صلاح الدین، غلام ہاشم نورانی،پنجاب سے زاہد بختاوری اور پشاور سے چیئرمین سنٹرل سراج الدین و دیگر صوبائی چیئر مین شریک ہوئے۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ثاقب رفیق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تاجر دوست سکیم پر شدید تحفظات ہیں۔ انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ 28 اگست کو ملک بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہو گا،تاجروں کیساتھ مذاکرات کی جھوٹی افوائیں پھیلائی جارہی ہیں،ہڑتال سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران پنجاب کے صدر شاہد غفور پراچہ، صدر آل پاکستان ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن چوہدری محمد فاروق،صغیر احمد مغل و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کو بڑی گاڑیوں سے باہر نکل کر سادگی کو اپنا نا ہوگا،تاجر ظالمانہ ٹیکسز جمع نہیں کروائیں گے۔
اسلام آباد سے مزید