• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: ہمارے ہاں بعض مالک مکان جب گھر کرایہ پر دیتے ہیں تو عموماً مالک مکان ایڈوانس میں زیادہ رقم کا مطالبہ کرتا ہے اور اسی بناء پر وہ کرایہ کم وصول کرتا ہے، اگر کوئی شخص ایڈوانس میں زیادہ رقم کی ادائیگی نہیں کر سکتا تو پھر اس پر کرایہ بڑھا کر وصول کیا جاتا ہے تو کیا یہ صورت جائز ہے؟ 

اسی طرح کم کرایہ زیادہ ایڈوانس کی بناء پر، بعض مالک مکان ایڈوانس میں جو رقم وصول کرتے ہیں تو کچھ زیادہ ہی لے لیتے ہیں اور پھر ایڈوانس سے ماہانہ کرایہ کاٹ کر وصول کرتے رہتے ہیں ،جب کرائے دار مکان چھوڑتا ہے تو اس کے ایڈوانس والی رقم سے جو پیسے بچے ہوئے ہوتے ہیں ،وہ اس کے حوالے کر دیتے ہیں۔ بہرحال اس صورت میں بھی کرایہ کی کمی یا زیادتی ایڈوانس کی کمی یا زیادتی پر مبنی ہے تو کیا یہ صورت بھی جائز ہے یا نہیں ؟

جواب: ایڈوانس زیادہ لینے کی شرط پر کرائے میں کمی کرنا سود ہونے کی وجہ سے ناجائز ہے، اس لیے کہ ایڈوانس رقم درحقیقت مالکِ مکان کے ذمہ قرض ہوتی ہے اور قرض کے عوض کسی قسم کا مشروط نفع اٹھانا سود ہونے کی وجہ سے حرام ہے، لہٰذا دونوں صورتیں جس میں ایڈوانس کی زیادتی کی وجہ سے کرایہ میں کمی کی جاتی ہے ،شرعاً ناجائز ہے ،اس طرح کے معاملے سے اجتناب کیا جائے، ہاں اگر شرط کے بغیر ہو تو جائز ہے، مثلًا: یوں کہا جائے کہ دو لاکھ ایڈوانس ہے اور دس ہزار کرایہ ہے تو یہ جائز ہے۔