ہیوسٹن( نیوز ڈیسک)ہیوسٹن میں پاکستانی امریکن لائنز کلب کی نو منتخب صدر سحر خورشید کی جانب سے مقامی ہال میں چارٹر نائٹ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کراٹے ورلڈ ٹائٹل کیلئے کوالیفائی کرنے والے پہلے پاکستانی ورلڈ نمبر 3 کراٹے فائٹر شاہزیب رند نے خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب میں مقامی امریکی اور پاکستانی کمیونٹی نے پاکستانی ہیرو کا والہانہ خیر مقدم کیا۔تقریب میں شاہزیب رند لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے جبکہ ان کے پرستاروں نے ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور آٹو گراف بھی لیے۔لائنز کلب ہیوسٹن کی خصوصی چارٹر نائٹ میں قونصل جنرل پاکستان آفتاب چوہدری، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ اور ہیوسٹن پاکستانی امریکن لائنز کلب کی نومنتخب صدر سحر خورشید نے پاکستانی ہیرو کو تعریفی شیلڈز اور اسناد سے بھی نوازا۔اس موقع پر ورلڈ ٹائٹل کےلیے کوالیفائی کرنے والے پہلے پاکستانی نوجوان کراٹے فائٹر شاہزیب رند عرف کنگ خان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ وہ 18 ستمبر کو سنگاپور میں منعقد ہونے والے ورلڈ چیمپئن کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرینگے۔انکا کہنا تھا کہ وہ قوم کو خوشیوں کا تحفہ دینا چاہتے ہیں جس کےلیے وہ چار ماہ سے امریکا میں مقیم ہیں اور سخت ٹریننگ کے مراحل سے گذر رہے ہیں۔ہیوسٹن پاکستانی امریکن لائنز کلب کی نو منتخب صدر سحر خورشید کا کہنا تھا کہ لائنز کلب کی یہ تقریب پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی پاکستانی اپنے ہیروز سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر محفل قوالی میں پاکستان کے نامور قوال عمران عزیز میاں نے مشہور قوالیاں پیش کرکے سماں باندھ دیا۔