کوئٹہ (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماصوبائی مشیر برائے صنعت وحرفت میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان میں جاری دہشتگردی کے پیچھے عزائم کو جلد قوم کے سامنے لایا جائے گا۔ اس میں کئی چہرے بے نقاب ہوں گے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دنوں میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کے پس پردہ عزائم خاک میں ملا دیئے گئے جبکہ پاک آرمی اور دیگر سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی حفاظت کی اور بزدل دشمن اور اس کے آلہ کاروں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملایا ۔اس وقت بلوچستان میں کچھ لوگ اپنی ناکام سیاست چمکانے کے لئے دونوں طرف کھیل رہے ہیں ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہم پاکستانیت کی بات کرتے ہیں اور فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کے جوانوں نے ہمیشہ ملکی سلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاک وطن کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ واقعات میں معصوم شہریوں کے ساتھ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت پانے والے پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے جوانوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔