پنجاب میں ماحول کو زہریلے دھویں سے پاک کرنے کے لیے ایندھن کا معیار چیک کرنے کے لیے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
محکمۂ ماحولیات کے ترجمان کے مطابق پورے صوبے میں ہر ماہ ہر پیٹرول پمپ پر فروخت ہونے والے ایندھن کا معائنہ ہو گا، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کا عملہ بھی پیٹرول پمپس پر ایندھن کا معائنہ کرے گا۔
محکمۂ ماحولیات کے ترجمان نے بتایا کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی فیول کوالٹی لیبارٹریز سے تیل کا کیمیائی تجزیہ ہو گا اور اوگرا کی طرف سے ایندھن کے طے کردہ معیار کے مطابق جانچ پڑتال ہو گی۔
پنجاب حکومت کے اس حوالے سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق قانونی معیار کے مطابق پیٹرول، ڈیزل فروخت نہ کرنےوالے پمپس کے خلاف کارروائی ہو گی، صنعت، زراعت، گاڑیوں اور بھَٹوں سمیت تمام شعبوں میں ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں کے اطلاق کی مہم جاری ہے۔
محکمۂ ماحولیات کے ترجمان نے بتایا ہے کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کو پہلے ہی گرایا جاچکا ہے، صنعتوں میں زہریلے دھوئیں کی مانیٹرنگ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے اقدامات پر بھی عمل جاری ہے۔
محکمۂ ماحولیات کے ترجمان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور ڈرونز سے زیادہ دھواں پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
محکمۂ ماحولیات کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اب ناقص اور غیر معیاری ایندھن کا استعمال روکنے کے لیے قانونی اور انتظامی اقدامات کا آغاز کیا ہے۔