اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)نجی IPPs نے اعلیٰ عسکری قیادت کو پاور سیکٹر کی پریشانیوں سے آگاہ کردیا ، عوام کو ریلیف فراہمی، صنعتی شعبے کو معاشی سرگرمیاں پیدا کرنے کیلئےبجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے تجاویز طلب ۔ تفصیلات کے مطابق اعلیٰ عسکری قیادت نے بھی پاور سیکٹر کو مالیاتی اور آپریشنل طور پر قابل عمل بنانے کی کوششوں میں شمولیت اختیار کرلی اور اس سلسلے میں پیر کو آئی پی پیز کے کچھ مالکان سے ان کی تجاویز طلب کیں کہ عوام اور صنعتی شعبے کو معاشی سرگرمیاں پیدا کرنے کے لیے ریلیف فراہم کرنے کے لیے بجلی کے نرخوں کو کیسے کم کیا جائے۔ باخبر ذرائع کے مطابق نجی شعبے کے آئی پی پیز کی جانب سے اعلیٰ عسکری قیادت کو حساسیت سے آگاہ کیا گیا ہے کہ اصل مسئلہ سرکاری پاور پلانٹس کا ہے جو 840 ارب روپے سالانہ حاصل کر رہے ہیں اور سی پیک پاور پلانٹس کو 650 ارب روپے کی صلاحیت کی ادائیگی ڈالر کی قیمت 278 روپے ہے لیکن 1994 اور 2002 کی پاور پالیسیوں میں قائم آئی پی پیز کو ڈالر کی قیمت میں صرف 130 ارب روپے مل رہے ہیں جو 2021 سے 148 روپے تک محدود ہے۔