ممبئی( نیوز ڈیسک) برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر تاریخی آزاد تجارتی معاہدے کے چند ماہ بعد دو روزہ دورہ پر بھارت پہنچ گئے۔خبر رساں اداروں کے مطابق یہ کیئر اسٹارمر کا بھارت کا پہلا سرکاری دورہ ہے،بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دورہ بھارت اور برطانیہ کے درمیان مستقبل پر مبنی شراکت داری کے مشترکہ وژن کو ازسرِنو مستحکم کرنے کا قیمتی موقع فراہم کرے گا‘۔نئے تجارتی معاہدے کے تحت بھارت برطانوی مصنوعات جیسے وسکی، کاسمیٹکس اور طبی آلات پر درآمدی محصولات میں کمی کرے گا، جب کہ برطانیہ بھارتی ملبوسات، جوتوں اور غذائی مصنوعات، بشمول منجمد جھینگوں پر محصولات کم کرے گا۔برطانوی وزیر اعظم کے دورہ کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے، وہ 125 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ آئے ہیں جس میں برٹش ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو شان ڈوئل سمیت متعدد سرکردہ کاروباری شخصیات شامل ہیں۔یہ 2 روزہ دورہ اُن کے جولائی میں لندن میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ہو رہا ہے، جہاں دونوں رہنماؤں نے تجارتی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔