کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹانے پرسینئر صحافی اور تجزیہ کار شاہزیب خانزادہ نے کہا ہے کہ علیمہ خان اور علی امین گنڈا پور کے اختلافات تھے اور اس میں علیمہ خان غالب آگئی ہیں ،سینئر صحافی اور تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہا کہ علی امین کو ہٹائے جانے کی پیچھے بہت ساری چیزیں ہوسکتی ہیں جن میں ایک اہم ایشو گورننس کا بھی ہوسکتا ہے، شہزاد اقبال نے کہا کہ میری کچھ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں سے بات ہوئی ہے جنہوں نے تصدیق کی کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات میں علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹانے کا کہا ہے تاہم ابھی اس کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔وہ جیو نیوز سے گفتگو کررہے تھے ۔شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ چند روز قبل ہی علی امین کی بانی سے ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے دو صوبائی وزراء کو ہٹایا اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کو ایجنسی کی سپورٹ حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے بیٹے گرفتار ہوکر چھوٹ جاتے ہیں اور اس طرح سے پبلک میں یہ بات کہنا ان کا وہ اعتماد تھا جو شاید کہ ان کو عمران خان سے ملا تھا ۔شہزاد اقبال کا مزید کہنا تھا کہ علی امین کو ہٹائے جانے کی پیچھے بہت ساری چیزیں ہوسکتی ہیں جن میں ایک اہم ایشو گورننس کا بھی ہوسکتا ہے کیونکہ پچھلے ڈیڑھ سال میں کے پی کے میں کوئی ایسا ترقی والا کام نہیں ہوا ہے ۔اس کے علاوہ علیمہ خان اور علی امین کے اختلافات بھی ایک وجہ ہوسکتے ہیں ۔