کراچی (عبدالماجدبھٹی) گذشتہ پانچ سال سے اپنی بیٹنگ کے ذریعے عالمی کرکٹ پر راج کرنے والے سابق کپتان بابر اعظم کیریئر کے بدترین دور سے گذر رہے ہیں، خراب فارم نے انہیں عالمی رینکنگ میں بھی پیچھے دھکیل دیا ہے۔وہ تین درجہ تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ادھر پاکستان ٹیم بھی نازک دور سے گذرہی ہے لیکن پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی دعویٰ کرتے ہیں کہ طویل مدتی اقدامات سے پاکستان کرکٹ ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔ ماہرین بابر اعظم کو مشکل صورتحال سے نکالنے کیلئے آرام دینے کا مشورہ د ے رہے ہیں تاہم ٹیم انتظامیہ انہیں انگلینڈ کی سیریز میں کھلانا چاہتی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بنگلہ دیش کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کھلاڑیوں سے کہا کہ آپ ہی اس ٹیم کو اٹھائیں گے، محنت جاری رکھیں ، فٹنس پر توجہ دیں۔ بابر اعظم کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں پریشانی میں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ کیا کریں ۔ وہ گذشتہ دوہفتوں میں سخت اپ سیٹ اور الگ تھلگ رہے لیکن صورتحال سے نکلنے کی کوشش کرتے رہے۔ بابر اعظم نے نیٹ پر سخت محنت کی، کوچز اور سینئر ساتھیوں سے مشورے کیے لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا۔ پاکستانی ڈریسنگ روم کے قریب رہنے والے حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم میٹنگز اور گراؤنڈ میں کپتان سے بات چیت کرتے اور انہیں مشورے دیتے رہے لیکن ذاتی کارکردگی خراب ہونے کی وجہ سے پریشان رہے ۔ سوا سال پہلے جب بابر اعظم کپتان تھے اور شان مسعود کو ون ڈے کا نائب کپتان بنایا گیا تو کراچی میں شان مسعود کو دو میچوں میں کھلانے سے گریز کیا گیا لیکن شان مسعود بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بابر اعظم سے خوشگوار تعلق رکھتے ہیں۔ بدھ کو ہونے والی حیران کن پیش رفت کے مطابق بابر اعظم چار سال ، 8 ماہ اور 21 دن بعد ٹاپ 10 تین بیٹر کی فہرست سے باہر ہوگئے۔ آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ میں وہ تین درجہ تنزلی کے بعد 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دنیا کے صف اول کے بیٹسمین بابر اعظم کو 16ٹیسٹ اننگز کے بعد بھی اپنی پہلی نصف سنچری کا انتظاررہا ۔ وہ دو ٹیسٹ کی چار اننگز میں16کی اوسط سے64رنز بناسکے ۔ بابر اعظم نے امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کے خلاف44، بھارت کے خلاف13، کینیڈا کے خلاف33اورآئر لینڈ کے خلاف32ناٹ آؤٹ رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم نے26دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف161رنز بنائے تھے ۔ آخری 16اننگز میں انہوں نے331رنز بنائے ہیں۔ نومبر میں ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کوالی فائی نہ کرنے کے بعد انہیں تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے برطرف کردیا گیا تھا۔