• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسن و حارث کرکٹ افق پر طلوع، بابر، رضوان کے ستارے ٹمٹمانے لگے

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ وائٹ بال کی نئی ٹیم انتظامیہ کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مضبوط ٹیم تشکیل دے رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف بابر اعظم ، شاہین آفریدی اور محمد رضوان کو ڈراپ کرکے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے اثرات دکھائی دے رہے ہیں۔ امکانات ہیں کہ مستقبل میں یہ تینوں کھلاڑی اس فارمیٹ میں دکھائی نہ دیں ۔ خاص کر محمد حارث، حسن نواز کے کرکٹ افق پر طلوع ہونے سے بابر اور رضوان کے ستارے ٹمٹانے لگے ہیں ۔ آئی سی سی نے بدھ کو نئی رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق سابق کپتان بابراعظم تین درجے تنزلی کے باعث 12 ویں اور محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے باعث 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث 210 درجہ اونچی چھلانگ کی بدولت 30 ، حسن نواز 57 درجے بہتری کے بعد 46 ، صائم ایوب 4 درجے ترقی کے بعد 61 اور کپتان سلمان علی آغا 42 درجے ترقی کے بعد 76 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولروں میں ٹاپ ٹین میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے ۔ آل راؤنڈرز میں شاداب خان 10 درجے بہتری کے بعد 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ بولروں میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نمبر ون ہیں ۔ حارث رؤف 20 ویں ،شاہین آفریدی 36، شاداب خان 24 درجے بہتری کے بعد 59 ویں اور ابرار احمد 45 درجے بہتری کے بعد60ویں نمبر پر پہنچ گئےہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث کی دلیرانہ کارکردگی نے محمد رضوان کی مشکلات بڑھادیں ہیں ۔ حارث نے بنگلہ دیش کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بناکر پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کیا ۔ وہ 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 21 چھکوں اور33چوکوں کی مدد سے 152.2 کے اسٹرائیک ریٹ سے 370 رنز بناچکے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز رچرڈ گلیسن کو چھکالگا کر کیا تھا۔ ان کی قیادت میں اسٹالینز نے چیمپئنز کپ ٹی ٹوئنٹی جیتا، انہوں نے تین نصف سنچریوں کی مدد سے269رنز بنائے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق نے پاور ہٹنگ کیمپ کے بعد حسن نواز کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کیلئے آئیڈیل چوائس قرار دیا تھا ۔ اس مشورے کے بعد انہیں دورہ نیوزی لینڈ کیلئے منتخب کیا گیا جہاں آکلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے صرف 44 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ محمد حارث نے بنگلہ دیش کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں45 گیندوں پر سنچری بنائی ۔ دونوں نے نیوزی لینڈ کیخلاف اوپن کیا تھا اور 74 رنز بناکر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاور پلے کا پاکستان کا نو سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ حسن نواز پاکستان کیلئے ابتک صرف 118 گیندوں پر227 رنز 16 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے بناچکے ہیں ۔ ان کیلئے 25-2024 کا سیزن شاندار رہا ہے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے سیمی فائنل اور فائنل کھیلنے کے علاوہ انہوں نے قائداعظم ٹرافی کی پانچ اننگز میں273 رنز اسکور کیے جس میں لاڑکانہ کے خلاف 169 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔

اسپورٹس سے مزید