کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے چاروں مینٹورز مصباح الحق، وقار یونس، ثقلین مشتاق اور سرفراز احمد کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ اب ان کی پی سی بی کو ضرورت نہیں ہے اس لئے وہ استعفی دے دیں۔ ان کی تنخواہیں روک لی گئی ہیں ، کچھ منیٹور کو دوسری جگہ ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ تاہم مینٹور چانس لے رہے ہیں کہ انہیں پی سی بی فارغ کرے تاکہ چار مہینے کی تنخواہ دو کروڑ روپے کی صورت میں ملے۔ لیکن پی سی بی تیار نہیں ہے۔ ثقلین مشتاق انگلینڈ میں ہیں، وقار یونس پی سی بی کے پروانے کا انتظار کررہے ہیں۔ انہیں جس کام کیلئے اتنی زیادہ تنخواہیں دی گئیں اس کا نتیجہ صفر رہا ، وہ پی سی بی کے بجائے ٹی وی پر کام کرتے رہے اور پی سی بی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے۔ شعیب ملک پہلے ہی مستعفی ہوچکے ہیں۔ سرفراز احمد اور مصباح الحق کو نئے کنٹریکٹ کے ساتھ پاکستان شاہینز، پاکستان انڈر19ٹیموں اور ریجنل اکیڈمیز کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ محمد یوسف کو بھی قومی اکیڈمی کا کوچ مقرر کیا جائے گا۔ اسد شفیق کو قومی سلیکشن کمیٹی سے فارغ کرکے ریجنل اکیڈمی میں کوچ بنایا جائے گا وہ خواتین سلیکشن کمیٹی کا بھی حصہ رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین محسن نقوی کو سسٹم سمجھنے میں کچھ وقت لگا لیکن اب انہوں نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی ہے ، کرکٹرز کی سیاست کو وہ سمجھ گئے ہیں۔ چیمپئنز کے نام سے سالانہ دو ارب کا بجٹ اب کرکٹ کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔