لندن (مرتضیٰ علی شاہ) دبئی میں مقیم بزنس ٹائیکون عمر فاروق ظہور نے ناروے کے دائیں بازو کے ورڈنز گینگ (وی جی) ٹیبولائڈ اور اس کے رپورٹر رالف جان وائیڈرو کے خلاف ہتک آمیز اور انتقامی مضمون شائع کر تے ہوئے جان بوجھ کر جھوٹ بولنے اور پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے لاکھوں ڈالر لانے کی صورت میں حقائق کو چھپا کر پاکستان کے لئے ان کی ساکھ اور خدمات کو نقصان پہنچانے پر مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ رپورٹر رالف جان وائیڈرو کے شائع کردہ مضمون پر اخبار کو بھیجے گئے ہتک عزت کے خط کی کاپی کے مطابق بزنس ٹائیکون ظہور کے وکلاء نے اخبار پر اسلامو فوبیا، نسل پرستی اور زینو فوبیا کا الزام لگایا ہے، جس میں صدر آصف علی زرداری سمیت متعدد پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔ ریاست پاکستان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں ان کے کردار پر سابق وزیراعظم عمران خان کے ریاستی ذخیرے سے تحائف کے غلط استعمال پر عمر فاروق کے لئے دوسرے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہلال امتیاز کی منظوری دی گئی تھی۔ سول ایوارڈ ہلال امتیاز خط میں کہا گیا ہے کہ ہمارے موکل عمر فاروق ظہور کے اس نام کو صدر پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازنے کی منظوری دی گئی ہے، جس میں ان کی کاوشوں اور ملک میں کروڑوں ڈالر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانے پرشاندار خدمات کے اعتراف میں سیکڑوں کو سول ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہاں یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ اس ایوارڈ کے لئے ہمارے مؤکل کی نامزدگی قانون کی دفعات کے مطابق مکمل غور و فکر، سفارشات اور صدر پاکستان کی منظوری کے بعد کی جاتی ہے۔ عمر فاروق ظہور کے وکلاء نے دائیں بازو کے ٹیبولائڈ پر الزام لگایا ہے کہ وہ پچھلے پندرہ برسوں سے ہتک آمیز مضامین شائع کر کے تاجر کو بدنیتی پر مبنی ارادہ کے تحت نشانہ بنا رہا ہے اور اس جھوٹی مہم کو چلانے کی بنیادی وجہ اسلامو فوبیا، نسل پرستی ہے۔ زیر بحث مضمون نسل پرستی، ذاتی مفادات اور غیر قانونی مقاصد کے لئے اس کی ساکھ، وقار، عزت، کاروباری اور سماجی حیثیت کو داغدار کرنے کیلئے ہمارے کلائنٹ کے خلاف آپ کے ٹیبولائڈ کا جاری حملہ ہے۔ قانونی خط میں کہا گیا ہے کہ اپنے مضمون میں آپ نے اگست 2023 میں پاور پلانٹ کے افتتاح کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں افریقہ میں استوائی گنی کے صدر کی طرف سے ہمارے مؤکل کو دیئے گئے میڈل آف آنرز کا بھی ذکر کیا ہے۔ ساتھ ہی آپ نے مذکورہ صدر پر کرپشن کے الزامات بھی لگائے ہیں۔ بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے الزامات کے درمیان ہمارے کلائنٹ کو دو ایوارڈز سے منسلک کرنے کی آپ کی طرف سے ناکام کوشش ہمارے کلائنٹ کو بدنام کرنے کی بدتمیزی اور دانستہ کوشش کی عکاسی کرتی ہے۔ جب بھی ہمارا کلائنٹ کوئی خاص اعزاز حاصل کرتا ہے، آپ کا ٹیبولائڈ ہمارے مؤکل کیخلاف جھوٹے مقدمے میں ریاستی اٹارنی کی عوامی بیانات دینے میں مدد کرنے کے مقصد سے ہتک آمیز مواد شائع کرنا شروع کر دیتا ہے۔ یہ بھی نوٹ کیا گیا ہے کہ وہی ریاستی اٹارنی مسٹر کارل گراف ہارٹ مین، جب بھی آپ کے ٹیبولائڈ میں کوئی ہتک آمیز مواد شائع ہوتا ہے تو ہمارے مؤکل کیخلاف تبصرہ کرنے کیلئے ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔ یہ بات کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ آپ کا ٹیبولائڈ بغیر کسی ثبوت کے ہمارے مؤکل پر جھوٹے الزامات لگا رہا ہے اور یہ ہتک آمیز ہے۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ آپ کا ٹیبولائڈ ہمیشہ ہمارے مؤکل کا نقطہ نظر لئے بغیر چیزوں کے ایک رخ کو رپورٹ کرتا ہے، جو آپ کی بدنیتی کی عکاسی کرتا ہے اور ایسا عمل منصفانہ صحافت اور منصفانہ رپورٹنگ کے بھی خلاف ہے۔ عمر فاروق ظہور کے وکلاء نے اس بات پر روشنی ڈالی ہے کہ ٹیبولائڈ کی ذاتی مہم متعصب اور اسلامو فوبک ہے کیونکہ اس نے مسٹر ظہور پر حملہ کرتے ہوئے جان بوجھ کر اہم حقائق کو چھپایا ہے۔ اس نے نورڈیا بینک ناروے فراڈ کیس میں مسٹر ظہور کے دھوکہ دہی کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ناروے میں پیدا ہونے والا ظہور تقریباً 20 سال قبل 2005 میں دبئی چلا گیا تھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ناروے میں 2010 میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں ناروے کے نورڈیا بینک کے بعض اہلکاروں نے کچھ نجی افراد کیساتھ ملی بھگت سے ایک رینڈی نیلسن کو دھوکہ دہی سے ایک بہت بڑی رقم سے محروم کر دیا تھا اور وہ رقم متحدہ عرب امارات اور ناروے کے بینکوں میں منتقل کر دی گئی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہمارا موکل 2005 کے بعد سے کبھی ناروے نہیں گیا جبکہ یہ مبینہ واقعہ 2010 میں پیش آیا۔ ناروے کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے ابتدائی طور پر سال 2011 میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ اس جرم میں ملوث افراد کیخلاف ناروے میں مقدمہ چلایا گیا اور کچھ کو سزائیں دی گئیں اور ان میں سے کچھ کو بری کر دیا گیا۔ یو اے ای نے درخواست کو ٹھکرا دیا کہ ہمارے مؤکل کو بھی محض یو اے ای میں مبینہ طور پر اس فراڈ میں ملوث افراد سے تعلق رکھنے اور نورڈیا بینک فراڈ کے مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کے ریمارکس پر تحقیقات کا حصہ بنایا گیا تھا۔ یہ ریمارکس دھوکہ دہی میں ہمارے مؤکل کے ملوث ہونے کے ثبوت کے بغیر پاس کئے گئے۔ یہی وجہ تھی کہ جج کے فیصلے اور ریمارکس کو اپیل کورٹ نے تبدیل کر دیا تھا۔ ہمارے موکل کیخلاف شروع کی گئی تحقیقات کو ثبوت کی کمی کی وجہ سے 2013 میں بند کر دیا گیا تھا۔ ٹرائل جج کے ریمارکس کو آپ کے ٹیبولائڈ نے رپورٹ کیا۔ ہتک عزت کا مقدمہ بتاتا ہے کہ ناروے کے حکام نے 2015 میں تفتیش دوبارہ شروع کی اور انٹرپول سے ہمارے مؤکل کا ریڈ وارنٹ حاصل کیا لیکن متحدہ عرب امارات میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مسٹر ظہور کی تحویل کو ناروے کے حکام کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ ناروے کی استغاثہ مبینہ جرم میں ظہور کے ملوث ہونے کے حوالے سے کوئی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ انٹرپول نے 30 ستمبر 2019 سے 4 اکتوبر 2019 تک منعقدہ اپنے 110 ویں اجلاس میں عمر فاروق ظہور کے کیس کا جائزہ لیا اور نارویجن حکام کی جانب سے جمع کرائے گئے شواہد کی روشنی میں الزامات کی مکمل چھان بین کے بعد ان کے ریڈ وارنٹس کو حذف کرنے کا حکم دیا۔ انٹرپول کے اس فیصلے کو ناروے کے حکام نے قبول کیا جو تاحال برقرار ہے۔ عمر فاروق ظہور نے نیک نیتی سے تفتیش میں حصہ لیا اور بالآخر تفتیش کو بند کر دیا گیا۔ ناروے پولیس نے 20.05.2020 کو اپنے خط کے ذریعے اس کی تصدیق کی ہے۔ اوسلو محکمہ پولیس نے اس کیس کو بند کرنے کی تجویز مورخہ 20.12.2021 کے خط کے ذریعے پبلک پراسیکیوٹر آفس اوسلو کو بھیجی ہے۔ ورڈنز گینگ (وی جی) ٹیبولائڈ کے خلاف مقدمہ کا کہنا ہے کہ اس نے جان بوجھ کر اپنے قارئین کو یہ نہیں بتایا کہ پریزائیڈنگ جوڈیشل آفیسر یعنی ایرلڈ نیسڈال، جس نے عمر فاروق ظہور کیخلاف قابل اعتراض ریمارکس دیئے تھے، مبینہ فراڈ کے ایک ملزم کو خود چائلڈ پورنوگرافی کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔ ایرلڈ نیسڈال کیخلاف بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرنے اور رکھنے کا الزام تھا، جس کی وجہ سے اسے سزا سنائی گئی۔ مقدمہ کا کہنا ہے کہ رپورٹر مسٹر رالف جے وائیڈرو جرم کی سنگین نوعیت سے واقف ہیں کیونکہ سابق جج خود بچوں کیساتھ زیادتی سے متعلق معاملات کا فیصلہ کر رہے تھے اور انہوں نے خود اس جرم کا ارتکاب اوسلو ڈسٹرکٹ کورٹ میں اپنے چیمبر میں بیٹھ کر کیا تھا لیکن ٹیبولائڈ نے جان بوجھ کر اس اہم حقیقت کو چھپایا۔ پاکستان میں مقدمے کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے ظہور کی سابق اہلیہ خوش بخت مرزا کیساتھ مل کر پاکستان میں دوبارہ وہی کیس کھولا۔ ظہور کے وکلاء نے قانونی خط میں ٹیبولائڈ کو مطلع کیا کہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہمارے موکل کیخلاف قانون کے مطابق عمل کئے بغیر مقدمہ درج کیا گیا اور حقائق اور فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کو چھپا کر پی ٹی آئی حکومت کی کابینہ سے منظوری لی گئی۔ نمبر 40/20 انہی حقائق پر درج کیا گیا، جس کی ناروے میں پہلے بھی متعدد بار تحقیقات کی جا چکی ہیں اور ہر بار عدم ثبوت کی وجہ سے مقدمہ بند کر دیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے بارے میں جاننے کے بعد مسٹر ظہور تحقیقات میں شامل ہوئے اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی طرف سے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی۔ جے آئی ٹی نے مکمل تحقیقات کے بعد ایف آئی آر منسوخ کرنے کی سفارش کی۔ اس کی روشنی میں پاکستان کی لرنڈ کورٹ نے اپنے حکم مورخہ 11.05.2023 کے ذریعے ایف آئی آر منسوخ کی اور ہمارے موکل کو بری کر دیا۔ یہ حقائق ثابت کرتے ہیں کہ ہمارے مؤکل کے خلاف دھوکہ دہی کے الزامات جھوٹ کا ایک گچھا ہیں اور ہمارے مؤکل کو آخرکار دو دائرہ اختیار میں ثابت کیا گیا ہے۔ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ نارویجن ٹیبولائڈ نے انتقامی اقدام میں مسٹر ظہور کے خلاف ٹیبولائڈ کو دھمکی دینے کے الزام میں ایک فوجداری مقدمہ درج کیا تھا لیکن اوسلو پولیس نے 23.03.2023 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے مکمل تحقیقات کے بعد کیس کو بھی خارج کر دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ تصور سے باہر ہے کہ ہمارا کلائنٹ ناروے میں نہ ہوتے ہوئے آپ کے ٹیبولائڈ کو کیسے دھمکی دے سکتا ہے۔ مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ رالف جان وائیڈرو 2015 سے پاکستان میں اشتہاری مجرم ہے۔ ایک پاکستانی شہری مقصود علی کو پاکستان کے نواب شاہ کے دورے کے دوران نارویجن پاسپورٹ حاصل کرنے کا جھوٹا وعدہ کر کے دس ملین روپے سے محروم کرنے پر ان کے خلاف ایک فوجداری مقدمہ نمبر 222/2015 درج کیا گیا تھا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بھاری رقم وصول کرنے کے بعد مسٹر رالف جے وائیڈرو نے سب سے پہلے مسٹر مقصود علی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور آخرکار وہ پاکستان سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ قانون نافذ کرنے والی ایجنسی مسٹر رالف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اس کے بعد مسٹر رالف کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی گئی۔ جے وائیڈرو ابھی تک قانون کے عمل سے مفرور ہے اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہے۔ آپ کا ٹیبولائڈ مسلسل ایک اشتہاری مجرم کی کہانیاں شائع کر رہا ہے، جو جان بوجھ کر اپنے ذاتی فائدے کے لئے حقائق کو مسخ کرتا اور چھپاتا ہے۔ مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ ناروے کے ٹیبولائڈ نے گھانا کے گیس ٹربائن کیس کا حوالہ دیا اور اس معاملے کے اصل حقائق کا ذکر کرنے میں دوبارہ ناکام رہا کہ گیس کے معاہدے کا پہلے ہی مختلف آزاد حکام کے ذریعہ آڈٹ کیا جاچکا ہے۔