سمندری ماہرین نے سمندر کے اندر 3 ہزار 109 میٹر بلند پہاڑ دریافت کر لیا۔
امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں واقع شمٹ اوشین انسٹی ٹیوٹ کے محققین نے چلی کے ساحل سے تقریباً 1 ہزار 448 کلومیٹر دور بحر الکاہل میں 3 ہزار 109 میٹر بلند بہت بڑا پہاڑ دریافت کیا ہے۔
سمندر کے پانی میں موجود یہ پہاڑ یونان میں موجود ماؤنٹ اولمپس سے بھی اونچا ہے جو 2 ہزار 917 میٹر بلند ہے۔
یہ پہاڑ سمندر کے پانی کے اندر موجود ایک پہاڑی سلسلے کا حصّہ ہے جو زندگی سے بھرا ہوا ہے، اس پر قدیم مرجان اور نایاب سمندری انواع آباد ہیں۔
اس پہاڑ کو محققین نے ایک 28 روزہ مہم کے دوران دریافت کیا جس کی قیادت شمٹ اوشین انسٹی ٹیوٹ نے سمندر کے اندر تحقیق کے لیے مختص سمندری جہاز آر وی فالکور (ٹو) پر کی۔
محققین کی ٹیم نے پہاڑ کا تفصیلی نقشہ بنانے کے لیے جہاز کے نیچے سونر سسٹم کا استعمال کیا۔
شمٹ اوشین انسٹی ٹیوٹ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جیوتیکا ویرمانی نے بتایا ہے کہ سونر سسٹم کی مدد سے آواز کی لہریں نیچے کی طرف سفر کرتی ہیں اور سطح سے ہو کر واپس آتی ہیں یوں سطح سے آواز کو واپس آنے میں جو وقت لگتا ہے اس کی پیمائش کر کے ہم سمندری فرش کا تفصیلی نقشہ بنا سکتے ہیں۔
یہ دریافت اس لیے اہم ہے کیونکہ اس سطح پر صرف 26 فیصد سمندری فرش کا نقشہ بنایا گیا ہے حالانکہ سمندری فرش زمین کی سطح کے 71 فیصد حصّے پر محیط ہے۔
سمندری ماہرین کا اندازہ ہے کہ دنیا بھر میں کم از کم 1 لاکھ سمندری پہاڑ 1 ہزار میٹر سے اونچے ہیں جو آبی حیات کی بہت بڑی تعداد کا مسکن ہیں۔