آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: حضوراکرم ﷺکا شجرہ ٔنسب کیا ہے؟ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام سے حضرت آدم علیہ السلام تک شجرہ نسب بیان فرما دیں۔
جواب: سرکاردوعالم ﷺ کاسلسلۂ نسب تمام عالم کے سلاسلِ اَنساب سے اعلیٰ وبرتر ہے، آپ ﷺ کا سلسلہ نسب یہ ہے: محمدبن عبداللہ بن عبدالمطلب بن ہاشم بن عبدمناف بن قصی بن کلاب بن مرۃ بن کعب بن لوی بن غالب بن فہربن مالک بن نضربن کنانہ بن خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس بن مضر بن نزاربن معدبن عدنان۔(صحیح بخاری )
عدنان تک سلسلہ نسب سب کے نزدیک مسلّم ہے، اور یہ بھی مسلّم ہے کہ عدنان حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے ہیں،البتہ اس میں اختلاف ہے کہ عدنان سے حضرت اسماعیل علیہ السلام تک کتنی پشتیں ہیں۔
حضرت عبداللہ بن عباس ؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ جب نسب شریف بیان فرماتے تھے توعدنان سے تجاوزنہ فرماتے، عدنان تک پہنچ کررُک جاتے اوریہ فرماتے (اس کے بعد) ’’نسب والوں نے غلط کہا‘‘ یعنی انہیں سلاسلِ انساب کی تحقیق نہیں جوکچھ کہتے ہیں وہ بے تحقیق کہتے ہیں۔
اس لیے سلسلۂ نسب محقّق اورمسلّم وہی ہے جو اوپر ذکر کردیا گیا، عدنان سے حضرت اسماعیل علیہ السلام تک اورحضرت اسماعیل علیہ السلام سے حضرت آدم علیہ السلام تک سلسلۂ نسب کے ذکر میں اختلاف ہے، اس لیے علماء عدنان تک ہی سلسلۂ نسب کے بیان کرنے کومناسب قراردیتے ہیں۔ پوراسلسلۂ نسب بعض سیرت کی کتابوں میں موجود ہے، مزید تفصیل کے لیے مستند کتب سیرت ملاحظہ کی جاسکتی ہیں۔