تھائی لینڈ کی ایک ڈِش نے انٹر نیٹ پر توجہ حاصل کر رکھی ہے جس کی بڑی وجہ اس میں زندہ جھینگوں کا استعمال ہے۔
زندہ جھینگوں سے بنائے گئے اس سلاد کا نام ’ڈانسنگ شرِمپ‘ ہے جسے ’ گون ٹین ‘ بھی کہا جاتا ہے۔
یہ ایک مشہور تھائی اسٹریٹ فوڈ ہے۔
اس ڈش میں جھینگوں کے ساتھ ساتھ دیگر لوازمات جیسے کہ پسی مرچ، لیموں کا رس، مچھلی کی چٹنی، پودینہ، کٹے ہوئے سلوٹس اور لیمن گراس بھی ہوتی ہے۔
اس ڈش کو آرڈر کرنے پر دکاندار اُسی وقت میٹھے پانی سے زندہ جھینگوں کو نکال کر سلاد میں ڈال کر اپنے گاہک کو پیش کرتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس سلاد کو کھانے والا شخص تعریف کر رہا ہے جبکہ زندہ جھینگے اس دوران چھلانگیں لگا کر بھاگنے کی راہ تلاش کر رہے ہیں۔
متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی تھائی لینڈ میں اس غذا کو پسندیدہ کھانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ان زندہ جھینگوں کو اکثر اوقات منفرد قسم کے موٹے اور چپچپے چاولوں کے ساتھ بھی پیش کیا جاتا ہے۔