اسلام آباد (فاروق اقدس)بنگلہ دیش کی بقاء صرف شیخ حسینہ کی قیادت سے مشروط نہیں، محترمہ خاموشی سے بیٹھیں بیان بازی بند کریں،مفرور وزیراعظم کو واپس لانا ہوگا، ہندوستان کا بیانیہ بے بنیاد ہے ، بھارت سمیت کئی ممالک یہ تاثر دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں کہ شیخ حسینہ کے بعد کا بنگلہ دیش بگڑتے بگڑتے افغانستان جیسا ہو جائے گا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوگا، اس پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں کہ بنگلہ دیش کی بقاء صرف شیخ حسینہ کی قیادت سے مشروط ہے۔
یہ بات بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے اتوار کو ڈھاکہ میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے ایک بار پھر معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کو مفرور قرار دیتے ہوئے انتباء کیا کہ محترمہ، ہندوستان میں رہ کر بیان بازی سے گریز کریں۔
ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ ملک میں ہندوؤں پر حالیہ حملے فرقہ وارانہ کشیدگی کا نتیجہ نہیں بلکہ اِن حملوں کی نوعیت سیاسی ہے اور یہ کہ ہندوستان اس حوالے سے جو بیانیہ اختیار کر رہا ہے وہ سراسر بے بنیاد ہے۔