لاہور(خبرنگار) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور سیکرٹری لٹریسی سید حیدر اقبال نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لٹریسی اور سکلز کو جوڑ کر ایک نیا پروگرام تشکیل دے رہے ہیں ۔ نان فارمل سکولوں کو بھی ڈیجیٹل لٹریسی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم خواندگی کے حوالے سے تقریب میں کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ لٹریسی ڈے منانے کا مقصد نان فارمل سکولوں کے اساتذہ و طلبہ کا مورال بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد آفٹرنون سکول پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے جبکہ آؤٹ آف سکول بچوں کے چیلنج سے نبٹنے کیلئے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی بھی ضرورت ہے۔ جس کیلئے حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔ سیکرٹری لٹریسی حیدر اقبال کا کہنا تھا کہ نان فارمل سکولوں کے اساتذہ کا معاوضہ ڈیڑھ گنا بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ویلز آن لٹریسی پراجیکٹ اور اڈلٹ لٹریسی سنٹرز کا آئندہ سال سے آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال کے آغاز سے 11260 اڈلٹ لٹریسی سنٹرز شروع کئے جائیں گے دوسری جانب 470 ایلیمنٹری سکولوں میں بھی مڈل ٹیک ایجوکیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر محکمہ لٹریسی اور ٹیوٹا کے درمیان ایم او یو بھی سائن کیا گیا۔