نیوکاسل (پ ر) برطانیہ کے ممتاز کاروباری شخصیت پاکستانی ایسوسی ایشن نارتھ ایسٹ کے کور کمیٹی کے سینئر ممبر راجہ مظہر شمیم کی رہائش گاہ سندرلینڈپر پاکستانی ایسوسی ایشن نارتھ ایسٹ اور انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے اعزاز میں شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ نارتھ ایسٹ کے تمام شہروں نیوکاسل، گیٹ سائیڈ، ڈرام، بوٹلی ، سندرلینڈ، سٹاکٹن، مڈل براہ سے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ابرار شمیم نے کیا جبکہ اس موقع پر ثنا خوان حضرت مولانا ممتاز صن، یاور حسین اور ابرار شمیم نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ وعلیہ وسلم انتہائی عقیدت و محبت اور عجزو انکساری کے ساتھ اپنی اپنی حاضری پیش کی۔ یوم آزادی کے شاندار انعقاد کی خوشی میں پاکستانی ایسوسی ایشن نارتھ ایسٹ کی کور کمیٹی کے ممبران ، رضا کاروں اور سرپرستی کرنے والے افراد کی انتھک کوششوں اور بے مثال کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس باوقار تقریب کی بدولت نارتھ ایسٹ کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے ساتھیوں کو باہمی روابط بڑھانے اور اپنی اجتماعی کوششوں کے اثرات پر غور کرنے کا موقع ملا۔ تقریب میں جہاں کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا گیا وہاں فلاحی سرگرمیوں کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔ خیال رہے انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا میں ضرورتمند افراد کی ہر ممکن مدد کے لئے سرگرم عمل رہتی ہے۔ اس خوبصورت تقریب کی سرپرستی چیئرمین ایمرجنسی ٹیم یوکے کے کونسلر مہربان صدیق نے کی، اس موقع پر ڈاکٹر نوید انور، اسرار ندیم، عامر گلزار، محمد امین، ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری، چوہدری محمد اسلم، ممتاز صنم، محمد بلال، یاور حسین، ملک سجاد، انجم افتخار، چوہدری محمد یونس، اسرار شمیم، وقار احمد اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ چوہدری مہربان صدیق نے قیام پاکستان کے موقع پر لاکھوں افراد کی قربانیوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد اور حصول آزادی کے لئے جانی، مالی قربانیوں سے آگاہ کرنے چاہئے تاکہ وہ اس نعمت کی حفاظت کریں ۔ انہوں نے کہا آپ تمام راجہ مظہر شمیم کے گھر جس قومی جذبے اورمحبت کے ساتھ جمع ہوئے اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اس دیار غیر میں رہ کر بھی ہمارے دل وطن عزیز سے کس قدرشدت سے محبت ست جڑے ہوئے ہیں۔ تمام مقررین نے کہا آج ہم تمام اپنے وطن عزیز سے تجدید عہد وفا کرتے ہیں کہ ہم اپنے وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی و کامرانی کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ تقریب میں نقابت کے فرائض نوجوان ڈاکٹر نوید انور نے انجام دیئے ، راجہ مظہر شمیم نے دوستوں کے اعزاز میں بڑے شان و شوکت اور انواع اقسام کے کھانوں سے تواضع کی۔