کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ناظم اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان بہادر خان کاکڑ نےصوبے بھر میں اٹھو جہاں بدل دو تعلیمی مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہم کے تحت بلوچستان کے تمام تعلیمی اداروں میں ٹیلنٹ ایوارڈ شوز ، ایجوکیشنل ایکسپوز ، فکر اقبال ، ختم نبوت ، سید مودودی اور تکریم اساتذہ کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا ، یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر احسان اللہ ناصر ، جنید ابراہیم ، ایاز خان کاکڑ ، عطاء الرحمٰن اخونذادہ سمیت دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مہم میں پڑھے گا بلوچستان بڑھے گا پاکستان کے سلوگن کے تحت پورے صوبے کے تعلیمی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا ، مہم کے دوران احتجاجی مظاہروں اور طلبا مسائل پر مبنی خصوصی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا ،مہم کا آغاز بلوچستان کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں میں کیا جائے گا جس میں طلبہ کی بھرپور شرکت متوقع ہے،صوبے کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کرکے طلبا مسائل کو ارباب اختیار کے سامنے اٹھایا جائے گا ، طلباء مسائل پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد واضح لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ، مہم کا بنیادی مقصد بلوچستان میں تعلیمی نظام میں بہتری ، تعلیمی اداروں کی حالت زار بہتر بنانا ، سہولیات کا فقدان ، اساتذہ کی کمی دور اور طلبہ کے لیے بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی پر زور دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ مہم کے ذریعے حکومت اور متعلقہ اداروں کو تعلیمی بہتری کے لیے اقدامات پر زور دے گی۔