بھارتی اداکار رندیپ ہودا نے کہا ہے کہ میں خود کا ریتک روشن اور شاہد کپور سے موازنہ کیوں کروں جبکہ جو میں کرسکتا ہوں وہ یہ اداکار نہیں کرسکتے۔
رندیپ ہودا نے حالیہ انٹرویو میں ایک اداکار کے اپنے منفرد انداز اور خصوصیات کو تلاش کرنے کی صلاحیت پر زور دیا اور بتایا کہ وہ ’ٹرانسفارمیشنل ایکٹنگ‘ یا ’میتھڈ ایکٹنگ‘ کو ترجیح دیتے ہیں۔
رندیپ نے کہا کہ چونکہ وہ ’ڈانس میں اچھے نہیں ہیں‘ اس لیے وہ ریتک روشن، شاہد کپور اور ٹائیگر شروف جیسے اداکاروں سے مقابلہ کیوں کریں؟
رندیپ ہودا نے فلموں کے انتخاب پر موقف دیا کہ ’میں ہمیشہ چاہتا تھا کہ صرف ہلکی پھلکی فلمیں نہ کروں۔ بھارت اور دنیا بھر میں ہم تفریح کے نام پر ایسی چیزیں دیکھ رہے ہیں جہاں ہمیں زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ لیکن میں خوش قسمت رہا ہوں کہ میں نے معنی خیز فلموں کا انتخاب کیا، چاہے اس کی وجہ سے میں کم فلمیں کر پایا۔‘
انکا کہنا تھا کہ ’اپنے 24 سالہ فلمی کیریئر میں، میں 11 سال سیٹ پر نہیں رہا۔ یا تو میں کسی معنی خیز پروجیکٹ کا انتظار کر رہا ہوتا ہوں یا پھر کسی کردار کی تیاری کر رہا ہوتا ہوں۔‘
جب ان سے ڈانس سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’اسی لیے میں ٹرانسفارمیشنل ایکٹنگ کو ترجیح دیتا ہوں، جہاں آپ کردار کی حقیقت کو سمجھنے کی تیاری کرتے ہیں۔‘