کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں بدمعاشی سے قانون پاس کروائے، عمران خان کے دور حکومت میں بندوق کے زور پر حکومت چلائی گئی، عمران خان کے دور حکومت میں نمبر پورے نہ ہونے کے باوجود قانون سازی کی گئی،پیپلز پارٹی عدالتی اصلاحات چاہتی ہے تو اس میں کوئی بری بات نہیں ہے،ہمارے پاس اکثریت ہوگی تو ہم آئینی ترمیم کریں گے، اور وہ آئینی ترمیم عوام کے لئے کرنا چاہتے ہیں تاکہ کسی ایک شخص کو بیس، پچیس سالوں تک انصاف کے لئے عدالتوں کے دھکے کھانے نہ پڑیں، سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے کراچی شہر میں ٹریفک کے مسائل کا حل ڈھونڈ نکالا ہے، بڑے بس اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جارہا ہے ، بھاری ٹریفک کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام متاثر ہو رہا تھا، پریمئم نمبر پلیٹس سے حاصل ہونے والی رقم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے تحت سیلاب متاثرین کے دنیا کے سب سے بڑے ہاؤسنگ پروجیکٹ کے لئے دی جا رہی ہے۔