کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہرِ امورِ مشرقِ وسطیٰ منصور جعفر نے کہا ہے کہ ایران کو سب سے بڑا چیلنج انٹیلی جنس کی ناکامی ہے۔ دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) زاہد محمود نے کہا کہ افغان حکومت اپنی مبینہ اسپانسر اسٹیٹ بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کررہی ہے۔ جیو نیوز کے ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے تہران سے ایرانی صحافی جون حسین اور سینئر تجزیہ کار حسن خان نے بھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں خطے کی بدلتی ہوئی اور نہایت سنگین صورتحال پر خصوصی تجزیہ پیش کیا گیا، جس میں ایران کی اعلیٰ ترین قیادت کو نشانہ بنانے کے دعوؤں، اسرائیل اور امریکا کے مبینہ کردار، اور پاکستان کی جانب سے جاری عسکری کارروائیوں کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ماہرِ امورِ مشرقِ وسطیٰ منصور جعفر نے کہا کہ ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے توقع کی جارہی تھی کہ ایران اس نوعیت کے تصادم سے گریز کرے گا۔ تاہم تازہ اطلاعات سے بظاہر اندرونی معاونت کا تاثر ملتا ہے۔ ان کے مطابق شہادت کے بعد کی تصاویر فوری طور پر امریکا تک پہنچ گئیں، حتیٰ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی تصویر دیکھنے کا دعویٰ کیا۔منصور جعفر کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی انتہائی درست معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں تقریباً 30 میزائل ایک ہی کمپاؤنڈ پر داغے گئے۔ اس حملے میں سپریم لیڈر کے اہل خانہ اور اعلیٰ حکام بھی جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اس وقت سب سے بڑا اندرونی چیلنج انٹیلی جنس کی ناکامی کا سامنا ہے۔