اسلام آباد (نیوز رپورٹر)حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144نافذ کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ اقدام دہشتگردی کے ممکنہ خطرات اور امنِ عامہ کو لاحق خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت صوبہ بھر میں فوری طور پر ہر قسم کے اجتماعات، جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق حساس نوعیت کے اجتماعات دہشتگردی کا ہدف بن سکتے ہیں۔ رپورٹس میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ شرپسند عناصر کسی اجتماع میں شریک علما کرام کو نشانہ بنا کر فرقہ وارانہ فسادات اور بدامنی کو ہوا دے سکتے ہیں۔