مشہور بھارتی اداکار روی موہن عرف جیام روی کی جانب سے طلاق کے اعلان کے بعد ان کی اہلیہ آرتی روی کا سخت ردعمل سامنے آگیا، جس میں انہوں نے حیرانی اور شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
تامل اداکار جے ایم روی اور ان کی اہلیہ آرتی روی کے درمیان طلاق کے اعلان کے بعد دونوں خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ آرتی نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس اعلان کا علم نہیں تھا اور وہ اس سے بےخبر تھیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں آرتی نے کہا کہ ’حال ہی میں ہماری شادی ختم ہونے کے حوالے سے جو عوامی اعلان کیا گیا، اس سے میں حیران اور غمزدہ ہوں۔ یہ اعلان میری اجازت یا علم کے بغیر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 15 سالہ رفاقت کے بعد میں سمجھتی ہوں کہ ایسے اہم معاملات کو وقار، عزت اور پرائیویسی کے ساتھ سنبھالنا چاہیے تھا۔ جبکہ میرے دو بچے بھی اس اعلان سے بالکل بےخبر تھے۔
آرتی نے جے ایم روی پر کمیونیکیشن کی کمی پر تنقید کی اور کہا کہ یہ فیصلہ یکطرفہ معلوم ہوتا ہے۔ آرتی نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ اس عوامی دباؤ اور جھوٹی کہانیوں کے دوران اپنے بچوں کی بھلائی کا تحفظ کریں گی۔
جے ایم روی، جو اپنی فلم پونین سیلوان میں اپنے کردار کے لیے جانے جاتے ہیں، نے 9 ستمبر کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ (ایکس) پر طلاق کا اعلان کیا۔
اپنے پیغام میں روی نے کہا کہ یہ فیصلہ بہت سوچ بچار کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں پرائیویسی کی درخواست کی اور عوام سے افواہوں اور قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
یاد رہے کہ اس جوڑے نے جون 2009 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے، آرَو اور آیان ہیں۔ حالیہ دنوں میں طلاق کی قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب آرتی نے اپنے انسٹاگرام سے جوڑے کی تصاویر ہٹا دی تھیں۔