• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کے 2 ملین معمر افراد دیکھ بھال کی سہولت سے محروم ہیں، ایج یوکے

لندن (پی اے) معمر افراد سے متعلق معاملات پر نظر رکھنے والی ایک چیرٹی ایج یوکے نے دعویٰ کیا ہے کہ انگلینڈ کے 2 ملین معمر افراد دیکھ بھال کی سہولت سے محروم ہیں۔ ایج یوکے کے مطابق یہ سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے ان کے کسی وقت بھی گرپڑنے سے شدید زخمی ہونے کا خطرہ ہے۔ چیرٹی کا کہنا ہے کہ اس نے ڈیٹا کا جو تجزیہ کیا ہے، اس کے مطابق 65سال اور اس سے زیادہ عمر کے کم وبیش 2ملین افراد کو کیئر یعنی دیکھ بھال کی بنیادی سہولت میسر نہیں ہے جبکہ گزشتہ سال ان لوگوں کی تعداد کا اندازہ 1.6ملین لگایا گیا تھا۔ تازہ ترین اعدادو شمار میں ان ہزاروں لوگوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو خود اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے قابل نہیں ہیں لیکن یا تو انھیں کسی قسم کی مدد دستیاب نہیں ہے اور اگر کوئی مدد دستیاب ہے تو وہ ان کی ضروریات سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ایک اندازے کے مطابق انگلینڈ میں 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کی تعداد کم وبیش 11 ملین ہے، جن میں سے کم وبیش 10فیصد کو لباس پہننے میں اور 6فیصد کو اپنے بستر تک پہنچنے میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔ چیرٹی کے مطابق 2017کے مقابلے میں 75سال عمر کے لوگوں کی تعداد میں 20فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ضرورت مند لوگوں اور امداد حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اس فرق کی وجہ سے فیملیز اور این ایچ ایس پر بوجھ میں اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ جب تک ہم سوشل کیئر کا مسئلہ حل نہیں کریں گے، این ایچ ایس کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق ترقی دینا ممکن نہیں ہوسکتا۔ وزیراعظم متعدد مرتبہ لیبر پارٹی کے نیشنل کیئر سروس کے10سالہ منصوبے کا ذکر کرچکے ہیں۔ ایچ یوکے نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل کیئر میں تیزی کے ساتھ اصلاحات کو یقینی بنائیں۔ چیرٹی نے معمر افراد کو دیکھ بھال کی سہولت نہ ملنے کے بارے میں رپورٹ کو خوفناک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارا ہیلتھ اور کیئر سسٹم کس برے حال سے دوچار ہے اور معمر لوگوں کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہے۔ چیرٹی کی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ حکومت نے اب تک یہ نہیں بتایا کہ وہ سوشل کیئر میں اصلاحات کرنے اور اس شعبے کو رقم فراہم کرنے کا کیا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیرٹی کا کہنا ہے کہ معمر افراد کو چاق وچوبند اور تندرست وتوانا رکھنے کیلئے ہیلتھ اور کیئر کے شعبے کا بڑا کردار ہے۔

یورپ سے سے مزید