• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر و فلسطین کو اعلیٰ ترین فورم پر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا، الطاف حسین وانی

جنیوا/ برسلز (حافظ اُنیب راشد) ممتاز حریت رہنما اور جموں کشمیر نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو احسن طریقے سے اٹھانے پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ الطاف حسین وانی نےاپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری اور فلسطینی عوام کی حالت زار کو اعلیٰ ترین فورم پر بھر پور طریقے سے اجاگر کرکے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل جیت لیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریر نہ صرف کشمیری عوام بلکہ پوری امت مسلمہ کے حقیقی جذبات کی عکاسی کرتی ہے۔ کشمیر اور فلسطینی کاز کی مسلسل حمایت پر پاکستان کی تعریف کرتے ہوئےاے پی ایچ سی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کا ایک مضبوط حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر وزیر اعظم شہباز شریف کا جرأت مندانہ موقف کشمیر کے کاز کو لیکر پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کی خواہش کا بھرپور اظہار کرتا ہے۔ کشمیر کے لوگ پاکستان کی مسلسل حمایت اور تنازع کشمیر کے پرامن حل کے لیے اس کی کوششوں کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔ بہت سے مشکل چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستان کبھی بھی دنیا میں کشمیریوں کے جائز مقصد کی وکالت کرنے سے پیچھے نہیں ہٹا ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی اس وقت تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے اپنے مطلوبہ مقصد کو حاصل نہیں کر لیتے۔

یورپ سے سے مزید