لاہور(نمائندہ جنگ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز گنڈاپور پھر پنجاب میں داخل ہوئے بغیر ہی واپس چلا گیا۔گنڈا پور سرکاری وسائل کو آگ لگا کر، غنڈہ گردی کرکے اور سر پٹخ پٹخ کے واپس کے پی کے لوٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سی ایم پنجاب مریم نواز کا کمال ہے۔ پنجاب میں غنڈہ گردی نہیں صرف اور صرف قانون کی حکمرانی چلے گی۔ وزیر اعلٰی پنجاب کو اپنی حکومت کی رٹ منوانا اچھی طرح آتا ہے۔بیچارے فساد گروپ والوں کے ساتھ تو موئے موئے ہوگیا۔انکا کہنا تھا کہ گنڈاپور کو اپنے صوبے کی کوئی پرواہ نہیں ہے،خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل پنجاب پر یلغار کے لئے استعمال ہو رہے ہیں۔فتنہ پارٹی حالات خراب کر کے شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔ گنڈا پور کو پنجاب آنے کی اجازت نہ ہوتی تو وہ اٹک پل کا ʼʼالفʼʼ بھی پار نہیں کر سکتے تھے۔پرویز خٹک بھی اسلام آباد آئے تھے مگر انہیں اٹک کا پل دیکھنا بھی نصیب نہ ہوا۔ پی ٹی آئی کے دہشت گرد گروہ نے بچوں کو پٹرول بمب بنانا سکھائے۔ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، جس نے قانون توڑنے کی کوشش کی اس کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تانگہ پارٹی کے جلسوں میں ملک خلاف سازشوں، گالم گلوچ اور دنگے فساد کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔