اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان نے امریکا کی میزائل پروگرام پر پابندی کو نامناسب اور غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا میزائل پروگرام چھوٹے پیمانے پر جنوبی ایشیا کے تناظر میں دفاعی نوعیت کا ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایسے نہیں ہیں کہ ایک دوسرے پر پابندیاں لگائی جائیں،ہمارے آئین اور عدالتوں میں ہمارے اندورنی معاملات حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنا جانتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ امریکا کی پاکستانی میزائل پروگرام اور پاکستانی کمپنیوں پر لگائی گئی پابندیاں غیر ضروری اور ناانصافی پر مبنی ہیں،امریکا کی جانب سے یہ فیصلہ غیر مناسب طور پر لیا گیا ،پاکستان کے میزائل پروگرام سے امریکا کو کسی قسم کا خطرہ نہیں، امریکا کی جانب سے اس سے متعلق بیان کی گئیں وجوہات میں حقیقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی نہیں کہا امریکا سے ایسے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں کہ جنگ کی صورتحال پیدا ہو اور میزائل کی ضرورت پیش آئے، پاکستان نے امریکا کے اس فیصلے پر شدید احتجاج کیا ہے۔