کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے ڈالر لایا، وفاق روپیہ دے رہا ہے،وفاق نے سیلاب متاثرین کیلئے ملنے والا امدادی فنڈ جیب میں رکھ لیا، موجودہ عدالتی نظام جمہوری نہیں ہے، آئینی عدالتوں کا قیام ضروری ہے، صوبائی سطح پر اصلاحات بھی کرنی ہیں،بلکہ ججز کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی لانا ضروری ہے اور اس دفعہ کالے کوٹ نہ کسی اور کی دھمکی میں آئینگے۔ ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں بلوچستان کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب اور پیپلز لائرز فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جو غلط ہوتا ہے ہم کہتے ہیں کہ غلط ہے، ملک میں اس وقت بہت سے مسائل ہیں جن کا حل نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے، ہم یہ نہیں کہتے ایک دن میں تمام مسائل حل کردینگے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لڑائیاں چلتی رہتی ہیں، اسلام آباد میں بڑے بڑے ہاتھی لڑتے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی لڑائیوں کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا عدالتی نظام دہشت گرد متاثرین کو انصاف نہیں دلوا سکتا ہے، عام آدمی جو دہشت گردی میں انصاف مانگتا ہے اسے کہا جاتا ہے کہ آپ کا وکیل صحیح نہیں، 50 فیصد کیسز میں ہمارے ججز سزا نہیں دلواسکتے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی اصلاحات بہت بڑا کام ہے۔قبل ازیں کوئٹہ میں بلوچستان کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان سے سوتیلوں جیسا سلوک ہو رہا ہے۔