ٹوکیو(عرفان صدیقی ) پاکستان جاپان کو انجینئرز کی تکنیکی افرادی قوت فراہم کرکے اربوں روپے کا ذرمبادلہ کما سکتا ہے یہ بات پاکستان انجینرنگ کونسل کے وائس چیرمین سندھ ریجن مختار شیخ نے روزنامہ جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی ، انھوں نے کہا کہ انھیں جاپان کے حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت جاپان کو اٹھائیس ہزار انجینئرز کی ضرورت ہے اور پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں سے جاپان کو افرادی قوت فراہم کی جارہی ہے ، مختار شیخ نے بتایا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل جاپان کی ضرورت کے مطابق پاکستانی انجینئرز کی تربیت کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے پاکستان انجینئرنگ اکیڈمی ، قائم کی جارہی ہے جس کے لیے نہ صرف زمین حاصل کرلی گئی ہے بلکہ ڈھائی ارب روپے کا بجٹ بھی مختص کرلیا گیا ہے جس پر جلد کام شروع کردیا جائے گا ، مختار شیخ نے بتایا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین وسیم نظیر کی کوششوں سے عنقریب کراچی میں انجینئرنگ کلب اور ٹیکنالوجی پارک بھی قائم کیا جارہا ہے ۔