• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق میئر لوٹن طاہر محمود ملک دوبارہ لیبر پارٹی میں شامل ہوگئے

لوٹن( احتشام الحق قریشی )سابق میئر آف لوٹن طاہر محمود ملک جنھوں نے اسرائیل فلسطین تنازع کی وجہ سے پارٹی کے ساتھ اختلافات کی بنیاد پر لیبر پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ گزشتہ دنوں لوٹن کی ایم پیز سارہ اوون اور ریچل ہاپکینز کیساتھ ملاقات کی۔ ایم پی ریچل ہاپکینز اور سارہ اوون نے طاہر ملک کی گزشتہ تئیس سالہ پارٹی کے ساتھرفاقت کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کو پارٹی میں واپسی کی دعوت دی جس پر طاہر محمود ملک نے دوبارہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ طاہر محمود ملک نے دونوں ممبرز آف پارلیمنٹ کیساتھ موجودہ سیاسی صورتحال خصوصاً لوٹن کی سیاسی صورتحال اور دیگرمعاملات پر تفصیلی گفتگو کی اور پارٹی کو نچلی سطح پر مزید فعال کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نےپارٹی پالیسی کے ساتھ چلنے کا اعادہ کیا خصوصاً حکومت کا مساجد پر حملے کے ردعمل میں فی الفور برطانیہ بھر میں مساجد اور اسلامک سنٹرز کو سیکیورٹی مہیا کرنے کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے دوران سابق مئیر محمود حسین اور طاہر ملک نے ایم پیز سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلم کمیونٹی اور حکومت کے درمیان اعتماد سازی کے فروغ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور مسلم کمیونٹی کی ملکی ترقی میں کردار کا اعتراف بھی کریں ۔ انھوں نے کہا کہ لیبر پارٹی کی حکومت کے ہوتے ہوۓ اسلاموفوبیا،نفرت انگیز مواد اور جرائم کی روک تھام کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ طاہر ملک نے ایم پی سارہ اوون جو حال ہی میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ کی چئیر منتخب ہو ئی ہیں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ریچل ہاپکینز نے طاہر محمود ملک کی کمیونٹی خدمات کا اعتراف کیا خصوصاً گزشتہ سال طاہر ملک کو برٹش سٹیزن ایوارڈ سے نوازہ گیا جو ان کی کمیونٹی خدمات کا اعتراف ہے۔
یورپ سے سے مزید