برسلز (حافظ اُنیب راشد) بلجیم اور یورپین دارالحکومت برسلز کی سب سے بڑی میونسپل کمیٹی (1000برسلزکمیون) میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی نے 13اکتوبر کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان نژاد کونسلر ناصر چوہدری کی حمایت کا اعلان کردیا۔ اس حمایت کا اعلان اسی کمیون سے تعلق رکھنے والے چوہدری تنویر کی جانب سے ناصر چوہدری کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار صدیق خان، چوہدری زاہد رضا بھدر، ناصر ننھا،چوہدری اظہر، آفتاب شاہ، محمد زبیر، قیصر چیمہ، مرزا شبیر جرال، راجہ خالد، شکیل گوہر اور دیگر نے ناصر چوہدری کی گزرے 5سال میں بطور کونسلر کارکردگی اور خدمات کا اعتراف کیا۔ مقررین نے کہا کہ سیاست میں دھیما پن اور لوگوں سے تعلق انتہائی ضروری ہے کیونکہ سیاست میں آپ کی گفتگو اور رویہ آپ کے مخالف کو بھی آپ کا دوست بنا سکتی ہے۔ اس حوالے سے مقررین نے کہاکہ ناصر چوہدری کی ذات سے کبھی کسی کو تکلیف نہیں پہنچی۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ ناصر چوہدری نے قومی سرحدوں سے نکل کر تمام کمیونٹیز کی خدمت کی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ناصر چوہدری نے شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ان کی حمایت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جس کمیون سے وہ الیکشن لڑ رہے ہیں وہ ایک لاکھ 95 ہزار ووٹرز کے ساتھ بلجیم کی سب سے بڑی کمیون ہے۔ اس میں پاکستانی ووٹرز کی تعداد صرف 750 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں کے نظام میں کام لینے اور ناممکن کو ممکن بنانے کیلئے دلائل دینے پڑتے ہیں۔ اس کیلئے معاملات کی سمجھ بوجھ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستانی کمیونٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ہمارے لوگ جرائم میں ملوث نہیں ہوتے۔ تاہم انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو متوجہ کیا کہ رویے کی تبدیلی کی بجائے ہمیشہ کارکردگی پر نظر رکھیں۔