• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کا ملزمان کے قبضے سے 70 تولے زیورات اور 1 کروڑ روپے برآمد کرنیکا دعویٰ

ملتان (سٹاف رپورٹر) سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا محمد اشرف اور ایس پی سٹی ڈویژن حسن رضا کھاکھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، متعدد گروہوں اور ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے کی ریکوری کی گئی ہے ، ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی پولیس ٹیموں کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے بتایا کہتھانہ کپ کے علاقے محلہ ملک مراد میں ایک ماہ قبل دن دہاڑے ہونے والی ڈکیتی کی سنگین واردات میں ملوث 03 ملزمان کو پولیس نے انتہائی مہارت اور محنت سے ٹریس کر کے گرفتار کر لیا،ملزمان کے قبضے سے 70 تولے جیولری سیٹ، 01 کروڑ روپے نقدی سمیت مجموعی طور پر 03 کروڑ سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے، پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے شب و روز محنت کرکے واردات میں ملوث 03 ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا،گرفتار ہونے والے ملزمان میں محمد حسنین ولد حاکم علی قوم شیخ قریشی سکنہ کبوتر منڈی،حامد علی ولد غلام دستگیر قوم شیخ قریشی سکنہ محلہ گوپی اندرون بوڑ گیٹ،محمد ساجد عرف چوہا ولد محمد شریف قوم شیخ قریشی سکنہ اندرون لوہاری گیٹ شامل ہیں، پولیس نے گرفتار ملزمان سے 03 کروڑ روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا ہے جس میں 70 تولے جیولری سیٹ، 01 کروڑ روپے نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔ مزید برآں واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ 2 پسٹل بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ملتان سے مزید