ملتان(سٹاف رپورٹر)خانیوال میں بے نظیر کفالت کی سہ ماہی قسط کی تقسیم کا آغاز،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے ضلع خانیوال میں رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی قسط کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔ ضلع خانیوال میں بینظیر کفالت کے تحت اکتوبر تا دسمبر کی سہ ماہی کے لیے 10500 فی خاندان قسط کا اجراء کر دیا گیا ہے. زونل ڈائریکٹر جنوبی زون پنجاب صائمہ بشیر نے بتایا کہ ضلع خانیوال میں کیمپ سائٹ کے ذریعے ادائیگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں 176,513 رجسٹرڈ بینیفشریز کی سہولت کے لیے 12 کیمپ سائٹس قائم کی گئی ہیں۔ ان میں تحصیل خانیوال میں تین کیمپ سائٹس، تحصیل کبیروالا میں چار، میاں چنوں میں تین اور تحصیل جہانیاں میں دو کیمپس شامل ہیں۔