ملتان (سٹاف رپورٹر)خاتون پروفیسر کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ، خاوند ہی قاتل نکلا ، گرل فرینڈ سے دوسری شادی کرنے کی خاطر بیوی کو قتل کروایا ، پولیس نے اجرتی قاتل سمیت شوہر ، ڈیل کرنے والے اور گرل فرینڈ و اس کے والد کو بھی گرفتار کر لیا ، تحقیقات شروع کر دی گئیں ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قطب پور پولیس نے چند روز قبل ہونے والے خواتین یونیورسٹی کی لیکچرر فیروزہ کے اندھے قتل کا سراغ لگا کر خاتون سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، مقتولہ فیروزہ کا شوہر حسیب اپنی گرل فرینڈ ابیرہ چشتی سے شادی کرنا چاہتا تھا مگر ابیرہ چشتی نے اس کے سامنے شرط رکھی کہ پہلے اپنی بیوی کو راستے سے ہٹاؤ، جس کے بعد اس نے بائیس لاکھ روپے میں ایک شوٹر کے ساتھ بیوی کو قتل کرنے کا کام طے کیا مگر شوٹر دو لاکھ وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا اور اب حسیب نے ارباز نامی شوٹر کے ساتھ پندرہ لاکھ میں معاملات طے کیے ، ارباز کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ آئس کا نشہ کرتا ہے جو کچھ عرصہ قبل پشاور میں واقع ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا تاہم فیکٹری والوں نے چوری کا الزام لگا کر اسے بھگا دیا اور اب بلال کالونی پرانا شجاع آباد روڈ پر فلیٹ میں رہائش پذیر تھا اور وقوعہ کے روز اس کا حسیب کے ساتھ رابطہ تھا اور حسیب منصوبہ بندی کے تحت گاڑی گلی میں لے آیا اور ارباز کو قتل کر کے فرار ہونے کا پورا موقع دیا جس کے بعد پولیس کے سامنے وقوعہ کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم پولیس کو شبہ تھا جس پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا ، اس بارے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک پولیس اہلکار جو کہ شوٹر ارباز کا قریبی عزیز ہے نے پولیس افسران کو آگاہ کیا اور پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کی تو ملزم نے اعتراف کرتے ہوئے مرکزی کردار مقتولہ کے شوہر حسیب کو گرفتار کروادیا ، اسی طرح حسیب کی گرل فرینڈ ابیرہ چشتی اور اس کے والد کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ ڈیل کرانے والا ایک شخص بھی پولیس حراست میں ہے، پولیس نے ملزمان سے تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔